Urdu

6/recent/ticker-posts

حرم آخر حرم ٹھہرا، ازل سے محترم ٹھہرا

حرم آخر حرم ٹھہرا، ازل سے محترم ٹھہرا
مجھے تو رشک ہے خود پر، کہ مہمانِ حرم ٹھہرا

قلم شق ہے، کہ کن الفاظ میں شانِ حرم لکھے
یہاں ہیبت سے دل شق ہیں، قلم تو پھر قلم ٹھہرا

حرم والے تجھے بھولوں، تو میں خود کو گنوا بیٹھوں
مری پہچان تُو ٹھہرا، تُو ہی میرا بھرم ٹھہرا

میں خود کیا اور میری سعی و کاوش کی حقیقت کیا
مدارِ ہر کرم، یا رب فقط تیرا کرم ٹھہرا

حرم والے سے جب تک ربط تھا، اپنے مقابل میں
کوئی قیصر، نہ کوئی وارث دارا و جم ٹھہرا

مگر جب اس سے منہہ موڑا، تواس حالت کو ہم پہنچے
ہمارا مرتبہ دنیا کی سب قوموں سے کم ٹھہرا

جو ہوتا ہم سفر غالب، تومیں اس کو یہ بتلاتا
کہ دیکھا، اس جگہ آکر تمنّا کا قدم ٹھہرا

عنایت میں نے لکھی تھی ثنائے کبریا اک دن
اسی دن سے مرا عاجز قلم، معجز رقم ٹھہرا

پروفیسر عنایت علی خان

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments