Urdu

6/recent/ticker-posts

چراغِ زندگی ہو گا فروزاں، ہم نہیں ہوں گے


چراغِ زندگی ہو گا فروزاں، ہم نہیں ہوں گے
چمن میں آئے گی فصلِ بہاراں، ہم نہیں ہوں گے


جوانو ! اب تمھارے ہاتھ میں تقدیرِ عالَم ہے
تمہی ہو گے فروغِ بزمِ اِمکاں، ہم نہیں ہوں گے

جئیں گے وہ جو دیکھیں گے بہاریں زُلفِ جاناں کی
سنوارے جائیں گے گیسوئے دَوراں، ہم نہیں ہوں گے

ہمارے ڈُوبنے کے بعد اُبھریں گے نئے تارے
جبینِ دہر پہ چَھٹکے گی افشاں، ہم نہیں ہوں گے

نہ تھا اپنے نصیبے میں طُلوع مہْر کا جلوَہ
سحر ہو جائے گی شامِ غرِیباں، ہم نہیں ہوں گے

اگر ماضی منوّر تھا کبھی، تو ہم نہ تھے حاضر
جو مستقبل کبھی ہو گا درخشاں، ہم نہیں ہوں گے

ہمارے دَور میں ڈالی گئ تھیں اُلجھنیں لاکھوں
جنُوں کی مُشکلیں جب ہونگی آساں، ہم نہیں ہوں گے

کہیں ہم کو دِکھا دو اِک کِرن ہی ٹِمٹِماتی سی
کہ جس دن جگمگائے گی شبِستاں، ہم نہیں ہوں گے

ہمارے بعد ہی خُونِ شہِیداں رنگ لائے گا
یہی سُرخی بنے گی زیبِ عُنواں، ہم نہیں ہوں گے
 
مولانا عبدالمجید سالک
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments