Urdu

6/recent/ticker-posts

احساسِ کمتری سے نکلیں

اس حقیقت سے کوئی باشعورانسان انکار نہیں کر سکتا کہ عزت نقالی سے نہیں ملتی۔ انگریزی زبان اور لباس کے استعمال کو پاکستان کا سوفٹ امیج ابھارنے کی تدبیر سمجھنے کو وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب نے درست طور پر بے بنیاد مفروضہ قرار دیا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ہر ”زبان“ اپنے ساتھ اپنی تہذیب و ثقافت لے کر آتی ہے۔ آج آپ انگریزی سیکھنے کا ارادہ کر لیں۔ انگلش سیکھنے کے لئے لینگویج سینٹر جانے لگیں۔ ایک ماہ تک روزانہ جاتے رہیں۔ ٹھیک ایک مہینے بعد اپنا جائزہ لیں۔ آپ کے رویے، طرزِ گفتگو اور وضع قطع میں غیرمحسوس طریقے سے تبدیلی آچکی ہو گی۔ آپ کے لباس میں تبدیلی آنے لگے گی، اگر آپ شدید احساس کمتری میں مبتلا ہو گئے ہیں تو آپ کے رویوں تبدیلی آجائے گی، آپ اپنے قومی لباس کو غیر ملکی لباس سے حقیر سمجھنے لگیں گے بلکہ بعض افراد تو اپنے ہموطنوں حتیٰ کے قریبی عزیزوں تک کو کمتر سمجھنے لگتے ہیں۔

اسی طرح اگر آپ ”عربی زبان“ سیکھنے کے لئے دو ماہ کسی سینٹر چلے جائیں۔ دو مہینے تک مسلسل عربی سیکھتے رہیں۔ ٹھیک دو مہینے بعد اپنا جائزہ لیں۔ آپ قرآن پاک کی تلاوت کرنے لگیں گے۔ ہر ایک کو ”السلام علیکم“ کہنے لگیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف پڑھنے لگیں گے۔ مسجد جا کر نماز پڑھنے لگیں گے۔ دورانِ گفتگو موقع بہ موقع سبحان اللہ، ماشاءاللہ، الحمدللہ کہنے لگیں گے۔ غیر محسوس طریقے سے مذہب اسلام کے طور طریقوں، رہن سہن اور بودوباش کو اپنانے لگیں گے۔ بحراللہ ہزاروی نے لکھا ہے کہ جب سعودی عرب میں تیل کی تلاش کیلئے امریکی ماہرین آئے۔ آنے سے پہلے ان کو عربی زبان سکھائی گئی تھی، چنانچہ ان میں سے کئی امریکی مسلمان ہو گئے تھے۔ بعض قومیں بہت ہوشیار ہوتی ہیں۔ اس تجربے کے بعد انہوں نے کبھی اپنے ماہرین کو عربی نہیں سکھائی بلکہ اس نے اپنی زبان عربوں کو سکھائی۔ انگریز کا یہ طریقہ کار ہے کہ وہ جہاں بھی جاتا ہے، اپنی زبان وہاں کے مقامی لوگوں کو سکھاتا ہے۔ 

اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہاں کے لوگوں میں انگریزوں سے محبت پیدا ہونے لگتی ہے یا کم از کم ان کے دلوں سے نفرت نکل جاتی ہے۔ انگریز جب برصغیر آیا تو اس نے یہاں بھی یہی کام کیا۔ مقامی زبان کو تبدیل کر کے اس کی جگہ جبراً انگریزی زبان رائج کروائی۔ نتیجے کے طور پر 99 فیصد پڑھے لکھے جاہل قرار پائے اور انگریزی جاننے والا ایک فیصد طبقہ اعلیٰ تعلیم یافتہ کہلایا۔ آج بھی یہی ہو رہا ہے۔ امریکہ نے پوری دنیا میں اپنی زبان انگریزی پھیلانے کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہوا ہے۔ اور تو اور دینی مدارس جہاں ساری دینی تعلیم ہی عربی زبان میں ہوتی ہے، قرآن سے حدیث تک، درجہ اوّل سے درجہ تخصص تک ساری کتابیں اور ساری تعلیم عربی میں ہی ہے، وہاں پر بھی انگریزی زبان مسلط کی جارہی ہے۔ ان کی مدد سے مدارس میں سینٹر کھل رہے ہیں۔ آپ مسلمانوں کی تاریخ کا مطالعہ کریں تو معلوم ہو گا یہی کام مسلمان کیا کرتے تھے۔ 

مسلمان جہاں بھی جاتے وہاں کے لوگوں کو عربی زبان سکھاتے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا کہ وہاں کے لوگ غیر محسوس طریقے سے مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت کو پسند کرنے لگتے۔ پھر کچھ ہی عرصے بعد وہ مسلمان ہو جاتے۔ مسلم فاتحین نے کبھی دوسروں کی زبانیں نہیں سیکھیں بلکہ ہمیشہ یہی کوشش کی کہ اپنی زبان دوسروں کو سکھائیں۔ دوسری زبانوں میں موجود علم و فن، علوم و معارف حاصل کرنے کے لئے ”دارالتراجم“ قائم کئے۔ ان علوم و فنون کو اپنی زبان عربی میں منتقل کر کے ان سے استفادہ کیا۔ صحیح طریقہ ہے بھی یہی کہ اپنی زبان اور تہذیب و ثقافت کو نہ چھوڑا جائے۔ ہمارے ملک پاکستان کی قومی زبان ”اُردو“ ہے۔ ”اردو“ رواداری، اپنائیت، محبت، ایثار، ہمدردی اور خلوص سے بھرپور ہے۔ اردو زبان نے کم وقت میں زیادہ ترقی کی ہے۔۔ زندہ دل قومیں اور ملک اپنی زبان اور تہذیب و ثقافت پر فخر کیا کرتے ہیں۔ 

اس کی بقا اور سلامتی کیلئے کوششیں کی جاتی ہیں۔ اپنی قومی زبان کی ترویج اور اس کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جاتے ہیں۔ یہ کس قدر ناانصافی بلکہ ستم ظریفی کی بات ہے کہ ہماری قومی زبان تو ہے اردو، لیکن دفتری زبان انگریزی کو بنایا ہوا ہے۔ جب تک قومی زبان کو دفتری زبان قرار دیکر رائج نہ کیا جائے گا اس وقت تک اس کی بقا کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ ہم نے مرعوب ہوکر انگریزی کو دفتری زبان بنایا ہوا ہے۔ ہم خوامخواہ احساسِ کمتری کا شکار ہیں۔

انور غازی

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments